خواجہ سعد رفیق کے بیان پر شرجیل میمن کا ردعمل

خواجہ سعد رفیق کے بیان پر شرجیل میمن کا ردعمل
کیپشن: خواجہ سعد رفیق کے بیان پر شرجیل میمن کا ردعمل

ویب ڈیسک: سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کو دیگر صوبوں کے بلدیاتی نظام پر تنقید کرنے سے پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرا کر عوام کو ان کا آئینی حق دینا چاہیے۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کراچی کے بلدیاتی نظام پر سوالات اٹھانے کے بجائے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے مسلسل التوا کی وجوہات عوام کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ ایک ایسی جماعت جو اپنے صوبے میں بلدیاتی انتخابات سے گریز کر رہی ہے، وہ دوسرے صوبوں کے جمہوری عمل پر تنقید کر رہی ہے۔

سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ اگر بلدیاتی نظام کو جمہوریت کی بنیاد سمجھا جاتا ہے تو پنجاب کے عوام کو بھی اپنے مقامی نمائندے منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات آئین اور قانون کے مطابق منعقد ہوئے، عوام نے اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا اور جمہوری عمل مکمل ہوا۔ ان کے بقول عوامی مینڈیٹ کا احترام جمہوری روایات کا تقاضا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اداروں، بااختیار بلدیاتی نظام اور عوامی رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوہرے معیار کی سیاست زیادہ دیر تک عوام سے پوشیدہ نہیں رہ سکتی اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے اور کون صرف بیانات تک محدود ہے۔

شرجیل انعام میمن نے زور دیا کہ جمہوریت کے استحکام اور نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کے لیے تمام صوبوں میں آئینی تقاضوں کے مطابق بروقت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جانا چاہیے۔





Watch Live Public News