(ویب ڈیسک ) پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک بھر کے اسٹیشنز بند کرنے کی دھمکی دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے ہزاروں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دیدی۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کیلئے مراسلہ بھیج دیا ہے، 6 مارچ کو بھی مراسلہ بھیجا گیا تھا لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر کو آپریشنز، مالی مشکلات، قیمتوں اور اچانک پالیسی تبدیلیوں کا سامنا ہے، حکومت پالیسی سازی میں صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے، ملک بھر کے 14 سے15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔
جاری مراسلے میں کہا گیا کہ مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے، پیٹرول پمپ بندش کی صورت میں پاکستان میں شدید فیول بحران کا خدشہ ہے،جس کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔
