یومِ تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی ۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمانِ خصوصی ہیں ۔ تقریب میں مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران اور حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہیں جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود ہیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔تقریب میں موجود شہدا کے اہلخانہ اور اسکول کے بچوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔ دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔