ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ دوطرفہ ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ دیرینہ، تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا احاطہ کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار، باہمی احترام، ترقی اور خوشحالی کی طرف مشترکہ اہداف پر مبنی تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے حمایت پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ترکیہ کے اصولی مؤقف کو سراہا، وزیراعظم نے ترکیہ کے عوام کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو پاکستان کے لئے حوصلے اور عزم کا ذریعہ قرار دیا، وزیراعظم نے کہا ترکیہ کی حمایت دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور لازوال رشتے کی عکاس تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج اور عوام کے جذبے، بہادری اور عزم کی وجہ سے پاکستان کو معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں بے مثال کامیابی ملی، پاک افواج کی جرات، بہادری اور جذبے کو اجاگر کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے دوطرفہ سرمایہ کاری میں اضافے جیسے اقدامات سے باہمی معاشی اشتراک میں اضافے پر زور دیا، وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں اور ابھرتے شعبوں کو اجاگر کیا، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، تعمیراتی شعبے اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر وسیع تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں ساتویں اعلیٰ سطح سٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا،
ملاقات میں باہمی تجارت کو سالانہ 5 ارب ڈالرز تک لے جانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ بھی لیا گیا،دونوں رہنماؤں نے مسلئہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور دیگر امور پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا، ملاقات میں غزہ کی ناگفتہ بہ صورتحال پر اظہار تشویش کیا گیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور آبادی تک امدادی سامان کی فوری ترسیل کا مطالبہ کیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن ، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔