ویب ڈیسک: شہباز شریف کی بیجنگ میں واقع ‘ گریٹ ہال آف دی پیپلز’ آمد پر چینی وزیراعظم لی چیانگ نے پرتپاک اور پُروقار استقبال کیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے پاک۔چین دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں گریٹ ہال آف دی پیپلز میں ایک باوقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر چین کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے پاکستانی وزیراعظم کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
استقبالیہ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ نے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاک۔چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بعدازاں دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کے ارکان کا تعارف کرایا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے متعارف کرایا، جبکہ وزیراعظم لی چیانگ نے اپنی کابینہ کے اہم ارکان کا تعارف پاکستانی وفد سے کرایا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج بیجنگ میں انتہائی مصروف دن گزاریں گے، جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سمیت اعلیٰ چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، معاشی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اگلے مرحلے پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) اور تزویراتی معاہدوں پر دستخط اور تبادلہ بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ بیجنگ کے دوران تاریخی تیانمن اسکوائر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ ‘عوامی ہیروز کی یادگار’ پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم کی چین کی معروف کمپنیوں کے سربراہان اور بڑے سرمایہ کاروں سے خصوصی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
یہ دورہ پاک۔چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے تناظر میں بھی خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چینی قیادت اس تاریخی موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان “آئرن برادرہڈ” اور لازوال دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔