ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے اپنے شہریوں کو زمین کے ریکارڈ تک رسائی کے لیے ایک نئی اور آسان سہولت فراہم کی ہے۔ اب شہریوں کو کسی بھی سرکاری دفتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وہ صرف اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر بیٹھ کر چند سیکنڈز میں اپنی مطلوبہ زمین کے ریکارڈ کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اس سہولت کے تحت شہری "آر او ڈی" (ROD) پورٹل کے ذریعے بغیر کسی سفارش یا لائن میں لگے، اپنی زمین سے متعلق ریکارڈ آف ڈیڈز ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ یہ سروس پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو آسانی فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
شہری اس جدید سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے [آر او ڈی پورٹل](https://rod.pulse.gop.pk/) پر جا کر فوری طور پر اپنے ریکارڈ کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اب زمین کی ملکیت کا حقیقی قبضہ اسی فرد کو ملے گا جس کے نام زمین کا ریکارڈ درج ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب، مریم نواز نے قبضہ مافیا کے خاتمے اور زمین کے ریکارڈ کو شفاف، محفوظ اور قابلِ تصدیق بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، تاکہ کسی بھی قسم کے فراڈ یا غلط قبضے کی گنجائش نہ ہو۔