ویب ڈیسک: ہری پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 کے ضمنی الیکشن میں ناکامی کے بعد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) باجوڑ کے صدر گل ظفر خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پوری کابینہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں گل ظفر خان، جو کہ سابق رکن قومی اسمبلی بھی ہیں، نے کہا کہ " ہری پور کے انتخاب میں بڑھکیں مارنے کی کیا ضرورت تھی؟" انہوں نے اس بات پر تنقید کی کہ پی ٹی آئی کی اپنی حکومت میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر تک جانے میں دشواری پیش آئی۔
گل ظفر خان نے واضح طور پر کہا کہ "وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور کابینہ کے تمام اراکین کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔" ان کا کہنا تھا کہ استعفے دینے میں مزید ٹال مٹول نہیں کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن (ن لیگ) نے کامیابی حاصل کی ہے، جس کے بعد پی ٹی آئی کے اندر داخلی تنازعات اور تنقید کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔