ویب ڈیسک: بھارت میں ایک معمولی سا سفر اس وقت غیر معمولی واقعے میں بدل گیا جب ایک اوبر ڈرائیور نے بھوک سے نڈھال اپنی مسافرہ کے لیے راستے میں رک کر سینڈوچ خرید لیا۔ یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، صارفین نے ڈرائیور کی انسانیت اور حساسیت کو بےحد سراہا۔
بھارتی اداکارہ و ماڈل یوگِتا راتھوڑ نے یہ واقعہ انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کے ’’سب سے دل کو چھو لینے والے لمحات‘‘ میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے طویل اور تھکا دینے والے دن کے بعد جب وہ ایئرپورٹ جانے کے لیے ٹیکسی میں بیٹھیں تو وہ ذہنی طور پر تھکی ہوئی، جذباتی اور شدید بھوک کا شکار تھیں۔ فون پر ایک دوست سے گفتگو کے دوران وہ رو پڑیں اور کہا کہ ’’پورا دن کچھ نہیں کھایا، رات 2 بجے کی فلائٹ ہے، سمجھ نہیں آ رہا کب کھانا ملے گا۔‘‘
یوگِتا کے مطابق سفر کے دوران ڈرائیور نے اچانک گاڑی روک کر کہا کہ وہ دو منٹ میں واپس آتا ہے۔ انہوں نے سوچا کہ شاید اُسے واش روم جانا ہے، لیکن چند لمحوں بعد ڈرائیور واپس آیا تو اس کے ہاتھ میں سینڈوچ کا ڈبہ تھا۔
ویڈیو میں ڈرائیور کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’’آپ اپنی دوست سے کہہ رہی تھیں کہ آپ کو بہت بھوک لگی ہے، تو مجھے برا لگا۔ اگر میری بہن بھوکی ہوتی تو مجھے بھی برا لگتا، اسی لیے میں کوئی دکان ڈھونڈ رہا تھا۔‘‘
یوگِتا نے بتایا کہ ڈرائیور نے خاص طور پر ویجیٹرین سینڈوچ لیا کیونکہ اس نے فون پر سنا تھا کہ وہ صرف ویجیٹرین کھانا چاہتی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق یہ پیار اور خیال کا وہ لمحہ تھا جسے وہ زندگی بھر نہیں بھلا سکیں گی۔
ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین نے ڈرائیور کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ کسی نے لکھا کہ ’’ایسے مرد ہمیں محفوظ محسوس کراتے ہیں‘‘، تو کسی صارف نے کہا کہ ’’یہ واقعہ دیکھ کر آنکھیں نم ہوگئیں۔‘‘ ایک اور تبصرہ تھا کہ ’’مہربانی اکثر وہاں سے ملتی ہے جہاں سے امید بھی نہیں ہوتی۔‘‘