ویرات کوہلی نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی، نیا سنگ میل عبور کرلیا

ویرات کوہلی نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی، نیا سنگ میل عبور کرلیا

ویب ڈیسک:بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ایک اور شاندار سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 47ویں اوور میں 236 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلوی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

جواب میں بھارت نے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا۔ شبمن گل اور کپتان روہت شرما نے ابتدائی شراکت میں 69 رنز جوڑے، تاہم 11ویں اوور کی تیسری گیند پر روہت آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر ویرات کوہلی میدان میں آئے تو پورا اسٹیڈیم کھڑا ہوکر بھارتی اسٹار کا استقبال کرنے لگا۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر سنگل لے کر اس سیریز کا پہلا رن بنایا اور ہوا میں مکا لہرا کر جشن منایا۔

کوہلی نے اسٹرائیک روٹیٹ کرتے ہوئے اور وقفے وقفے سے باؤنڈریز لگا کر اننگز کو مستحکم بنایا۔

54 رنز کے اسکور پر پہنچتے ہی ویرات کوہلی نے ایک تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔ اب وہ 14 ہزار 255 رنز کے ساتھ ون ڈے کرکٹ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے آگے صرف سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے 18 ہزار 426 رنز بنائے تھے۔

ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست
سچن ٹنڈولکر (بھارت) – 463 میچز، 18 ہزار 426 رنز، اوسط 44.83
ویرات کوہلی (بھارت) – 305 میچز، 14 ہزار 255* رنز، اوسط 57.71*
کمار سنگاکارا (سری لنکا) – 404 میچز، 14 ہزار 234 رنز، اوسط 41.98
رکی پونٹنگ ( آسٹریلیا) – 375 میچز، 13 ہزار 704 رنز، اوسط 42.03
سنتھ جے سوریا (سری لنکا) – 445 میچز، 13 ہزار 430 رنز، اوسط 32.36

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاپ فائیو میں شامل کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی واحد بلے باز ہیں جن کی بیٹنگ اوسط 50 سے زیادہ ہے، جو ان کی غیر معمولی مستقل مزاجی اور کلاس کا مظہر ہے۔

بھارت یہ میچ جیتنے میں کامیاب رہا، اس طرح ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں واحد بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے کامیاب چیزز میں 6 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں، اس طرح کوہلی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ جدید کرکٹ کے سب سے بڑے بیٹنگ لیجنڈ ہیں۔

Watch Live Public News