پاک بھارت ممکنہ جنگ کوروکناضروری ہے،وزیراعظم

پاک بھارت ممکنہ جنگ کوروکناضروری ہے،وزیراعظم

نیویارک(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنا ضروری ہے، یہ بھارتی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذاکرات کےلئے سازگار ماحول بنائے.

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا ہندوتوا نظریات کے تحت مقبوضہ کشمیر کو مسلم اکثریتی علاقے سے مسلم اقلیتی علاقے میں بدلنے کی سازش کی جارہی ہے، 5 اگست کے غیرقانونی اقدامات واپس لئے جائیں. انہوں نے کہا بھارتی بربریت کی تازہ مثال سیدعلی گیلانی کی میت کو ان کے خاندان سے چھیننا ہے، جنرل اسمبلی حریت رہنما کی اسلامی روایات کے مطابق شہداء قبرستان میں تدفین کےلئے اقدامات کرے۔

وزیراعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ افغان جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نےاٹھایا، تعریف کی بجائے ہم پر الزام تراشی کی جاتی ہے، مستقبل میں بڑے انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،عالمی برادری نےافغانستان کو پس پشت ڈال دیا تو غیرمستحکم ملک ایک بار پھر دہشت گردوں کےلئے محفوظ پناہ گاہ بن جائے گا. ان کاکہنا تھا کہ امریکا نے فوجی حل نکالنے کی غلطی کی، طالبان پاکستان کی وجہ سے اقتدار میں نہیں آئے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے تدارک کےلئے عالمی مکالمہ شروع کرانے کا بھی مطالبہ کیا. انہوں نے کہا اسلاموفوبیا کی سب سے خوفناک شکل بھارت میں موجود ہے. وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کے پیچھے رہنے کی بڑی وجہ منظم چوری اور اثاثوں کی غیرقانونی منتقلی ہے. اس دوران وزیراعظم نے کورونا صورتحال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کاوشوں اور کامیابیوں سے بھی عالمی برادری کو آگاہ کیا۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔