پبلک نیوز ہیڈلائنز، صبح 9 بجے،25ستمبر 2021

پبلک نیوز ہیڈلائنز، صبح 9 بجے،25ستمبر 2021
وزیراعظم عمران خان کا اسلاموفوبیا کے تدارک کےلئے عالمی مکالمہ شروع کرانے کا مطالبہ، کہا اسلاموفوبیا کی سب سے خوفناک شکل بھارت میں موجود ہے، کہتے ہیں ترقی پذیر ممالک کے پیچھے رہنے کی بڑی وجہ منظم چوری اور اثاثوں کی غیرقانونی منتقلی ہے،وزیراعظم نے کورونا صورتحال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کاوشوں اور کامیابیوں سے بھی عالمی برادری کو آگاہ کیا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنا ضروری ہے، یہ بھارتی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذاکرات کےلئے سازگار ماحول بنائے، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہندوتوا نظریات کے تحت مقبوضہ کشمیر کو مسلم اکثریتی علاقے سے مسلم اقلیتی علاقے میں بدلنے کی سازش کی جارہی ہے، 5 اگست کے غیرقانونی اقدامات واپس لئے جائیں،کہا بھارتی بربریت کی تازہ مثال سیدعلی گیلانی کی میت کو ان کے خاندان سے چھیننا ہے، جنرل اسمبلی حریت رہنما کی اسلامی روایات کے مطابق شہداء قبرستان میں تدفین کےلئے اقدامات کرے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغان جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نےاٹھایا، تعریف کی بجائے ہم پر الزام تراشی کی جاتی ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں بڑے انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،عالمی برادری نےافغانستان کو پس پشت ڈال دیا تو غیرمستحکم ملک ایک بار پھر دہشت گردوں کےلئے محفوظ پناہ گاہ بن جائے گا، کہا امریکا نے فوجی حل نکالنے کی غلطی کی، طالبان پاکستان کی وجہ سے اقتدار میں نہیں آئے۔ وزیراعظم کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، تینوں مسلح افواج کے سربراہ،وفاقی وزرا،بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ بھی ہمراہ تھے، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے شرکا کااستقبال کیا، اعلیٰ عسکری وسول قیادت کوافغانستان کی بدلتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ پاکستان میں کورونا نے مزید42 زندگیاں نگل لیں، اموات کی مجموعی تعداد27 ہزار524 ہوگئی، 24 گھنٹوں کے دوران 2ہزار 60 نئے کیس رپورٹ،مثبت کیسز کی شرح4 اعشاریہ پانچ آٹھ فیصد رہی، 4ہزار 267مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ شوگراسکینڈل میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت، لیگی رہنما سیشن کورٹ پہنچ گئے، وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکلوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،عبوری ضمانت میں 9 اکتوبر تک توسیع۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔