190 ملین پاؤنڈز کیس:عمران خان ،بشریٰ بی بی کے وکیل کو آخری مہلت

190 ملین پاؤنڈز کیس:عمران خان ،بشریٰ بی بی کے وکیل کو آخری مہلت
کیپشن: 190 ملین پاؤنڈز کیس:عمران خان ،بشریٰ بی بی کے وکیل کو آخری مہلت

ویب ڈیسک:190 ملین پاؤنڈز کیس میں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل کو نیب تفتیشی افسر پر جرح کے لیے آخری مہلت دے دی۔

 تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی۔ جہاں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ملزمان کی جانب سے انتظار پنجوتھا، نعیم پنجوتھا ور فیصل فرید چوہدری عدالت میں پیش ہوئے ۔ نیب کی جانب سے سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

  وکلائے صفائی کی جانب سے عدالت میں درخواست پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل بیمار اور ڑ ڈینگی میں مبتلا ہیں، لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔

نیب وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی جانب سے 4 وکلا کے وکالت نامے موجود ہیں۔ ریفرنس میں سلمان صفدر، خالد یوسف چوہدری اور مشال یوسفزئی بھی بشریٰ بی بی کے وکیل ہیں۔

عثمان گل اگر بیمار ہیں تو ان وکلا کو طلب کر کے آخری گواہ پر جرح کرائی جائے۔

نیب وکلا نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے وکلائے صفائی خود آرڈر لائے کہ کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔ اب وکلائے صفائی جان بوجھ کر ریفرنس کی سماعت کو التوا کا شکار کر رہے ہیں۔

عدالت نے وکلائے صفائی کو ہدایت کی کہ آپ کو آخری موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ سماعت پر نیب تفتیشی آفیسر پر جرح مکمل کریں۔

بعد ازاں بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی عدم حاضری کی وجہ سے سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔

Watch Live Public News