بیماری سے شفاء کے حصول کیلئے وظیفہ

بیماری سے شفاء کے حصول کیلئے وظیفہ
کیپشن: بیماری سے شفاء کے حصول کیلئے وظیفہ

ویب ڈیسک: صحت ہر انسان کی سب سے قیمتی دولت ہے، مگر زندگی کے سفر میں بیماری کبھی بھی اچانک حملہ کر سکتی ہے۔ جب دوا اور علاج کے ساتھ دل کو روحانی سکون کی ضرورت ہو تو قرآن و سنت میں موجود وظائف انسان کے ایمان کو مضبوط اور دل کو اطمینان دیتے ہیں۔ 

بیماری سے شفاء کے لیے پڑھے جانے والے وظائف نہ صرف جسمانی صحت میں بہتری کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ روحانی طاقت اور اللہ تعالیٰ کی رحمت پر یقین کو بھی بڑھاتے ہیں۔

دارالافتاءجامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کراچی کی ویب سائٹ پر بیماری سے شفاء کے حصول کیلئے وظیفہ سے متعلق پوچھے گئے سوال پرتفصیلی جواب شائع کیا گیا ہے۔ جو کہ قارئین کیلئے پیش خدمت ہے۔

بیماری سے شفا کے حصول کے لیے وظیفہ

سوال

میرا  جب سے  رشتہ ہوا ہے،  میں  بیمار ہوں،  علاج بھی  ہو ر ہے ہیں، مگر کچھ فرق نہیں ہے۔

جواب

بیماری کا علاج جیسے دوا سے ہوتاہے اسی طرح مسنون دعاؤں اور کلمات سے بھی اللہ تعالیٰ بیماریوں کو ٹالتے ہیں، آپ  علاج کے لیے درج ذیل امور پر عمل کیجیے:

1- حسبِ  استطاعت کثرت سے صدقہ  کیجیے؛ کیوں کہ صدقہ کرنا بہترین علاج ہے، حدیث شریف میں آتا ہے کہ اپنے مریضوں کا علاج  صدقہ سے کیا  کرو، صدقہ بیماری کو دور کرتا ہے؛  اس لیے حسبِ توفیق صدقہ ادا کرتے رہیں۔

جامع الأحاديث (11/ 277):

''تصدقوا وداووا مرضاكم بالصدقة؛ فإن الصدقة تدفع عن الأعراض والأمراض، وهي زيادة في أعمالكم وحسناتكم''. (البيهقي في شعب الإيمان عن ابن عمر)

ترجمہ: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: صدقہ دو اور اپنے مریضوں کا صدقے کے ذریعے علاج کرو ؛ اس لیے کہ صدقہ پریشانیوں اور بیماریوں کو دور کرتاہے اور وہ تمہارے اعمال اور نیکوں میں اضافے کا سبب ہے۔

2-  روزانہ  صبح  نہار  منہ  سات دانے  مدینہ  منورہ  کی  عجوہ  کھجور  کھائیں، ان شاء اللہ تعالیٰ آپ کی  بیماری بہت جلد ختم ہوجائے گی۔ حدیث شریف میں ہے:

''عن سعد قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: من تصبّح بسبع تمرات عجوة لم يضره ذلك اليوم سم ولا سحر. متفق عليه. وعن عائشة أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: إن في عجوة العالية شفاء، وإنها ترياق أول البكرة. رواه مسلم.''

ترجمہ:حضرت سعد رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو  ارشاد  فرماتے ہوئے  سنا: جو شخص صبح کے وقت عجوہ (کھجور) کے سات دانے کھائے اس دن اسے نہ تو  زہر نقصان پہنچائے گا نہ ہی جادو۔  (بخاری ومسلم) اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بے شک عالیہ (مدینہ منورہ کی بالائی جانب) کی عجوہ (کھجور) میں شفا ہے، اور اسے نہار منہ کھانا "تریاق" (زہرکا علاج) ہے۔ (مسلم)

3-   مسنون دعاؤں  کی کوئی  مستند  کتاب  (مثلاً: مولانا محمد عاشق الٰہی صاحب کی کتاب "مسنون دعائیں") خرید لیجیے، اور اس سے صبح وشام حفاظت کی دعائیں اور بیماری وغیرہ کی دعائیں پڑھنے کا اہتمام کریں۔

4-  "یا سلام" کا کثرت سے ورد کریں، امید ہے اللہ پاک جلد صحت سے نوازیں گے۔

5-   درج ذیل اذکار صبح و شام سات  سات  مرتبہ پابندی  سے یقین کے ساتھ  پڑھ  کر دونوں ہاتھوں میں تھتکار کر سر سے پیر تک اپنے پورے جسم پر  پھیردیں ان شاء اللہ ہر قسم کےسحر، آسیب اور نظرِ بد کے اثراتِ بد سے حفاظت رہے گی:

درود شریف، سورہ فاتحہ، آیۃ الکرسی، سورہ الم نشرح، سورہ کافرون، سورہ اخلاص، سورہ فلق، سورہ ناس اور درود شریف

6-  درج ذیل دعا صبح و شام پڑھنے کا اہتمام کریں:

" أَعُوْذُ بِوَجْهِ اللهِ الْعَظِيْمِ الَّذِيْ لَيْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ، وَبِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّاتِ الَّتِيْ لَايُجَاوِزُهُنَّ بَـرٌّ وَّلَا فَاجِرٌ، وَبِأَسْمَآءِ اللهِ الْحُسْنىٰ كُلِّهَا مَا عَلِمْتُ مِنْهَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ۔ "

اس کے علاوہ پنج وقتہ باجماعت نمازوں کا اہتمام کریں اور ہمیشہ باوضو رہنے کی کوشش کریں۔ فقط واللہ اعلم

فتوی نمبر : 144209200135

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

اس وظیفے کو پڑھنے کیلئے  جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کے دارالافتاء  کی ویب سائٹ پر جا کر مطالعہ کر سکتے ہیں ۔

Watch Live Public News