بنگلہ دیشی کپتان کا بھارتی کپتان سے دوران ٹاس ہاتھ نہ ملانے کا انکشاف

بنگلہ دیشی کپتان کا بھارتی کپتان سے دوران ٹاس ہاتھ نہ ملانے کا انکشاف
کیپشن: بنگلہ دیشی کپتان کا بھارتی کپتان سے دوران ٹاس ہاتھ نہ ملانے کا انکشاف

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے ایک اہم میچ میں ٹاس کے دوران ایک غیر معمولی منظر دیکھنے میں آیا، جب بنگلہ دیشی کپتان ذاکر علی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹاس جیتنے کے بعد ذاکر علی نے بھارتی کپتان کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے نہ صرف ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ اُن کی طرف ایک لمحے کے لیے دیکھا تک نہیں۔ اس واقعے نے کرکٹ شائقین اور ماہرین کے درمیان بحث چھیڑ دی ہے۔

یہ منظر اس لیے بھی خاص توجہ کا مرکز بنا کیونکہ چند روز قبل بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف سپر فور میچ میں کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔ بھارتی ٹیم میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے رسمی مصافحہ کرنے کے لیے میدان میں نہیں آئی تھی، جس پر شائقین کرکٹ نے سخت ردِعمل ظاہر کیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین اس تازہ واقعے کو بھارتی کپتان کے رویے کا جواب قرار دے رہے ہیں۔ کئی صارفین نے ذاکر علی کے اقدام کو ’’کرکٹ میں عزت اور وقار‘‘ کا پیغام کہا جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رہنا چاہیے۔

Watch Live Public News