اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے پختہ عزم کا اظہارکرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ ملک سے پولیو کاخاتمہ کیاجائے گا ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کی قومی مہم میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو کی مہم میں خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع خصوصاً بنوں اور شمالی و جنوبی وزیرستان پرتوجہ مرکوز کی جائے گی ۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ مہم میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو قومی ہیروز کے طورپرسراہاجائے گا۔ خیال رہے کہ 22 اپریل کو ملک میں 15 ماہ کے بعد شمالی وزیرستان سے نئے پولیو کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی گئی تھی ، جس کے بعد نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ۔ پاکستان میں گزشتہ سال 27 جنوری کو قلعہ عبداللہ سے کیس رپورٹ ہوا تھا۔ جس کے 15 دن بعد شمالی وزیرستان سے پولیو کیس کی تصدیق ہوگئی ۔ اس سے پہلے خیبر پختونخوا سے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی نشاندھی کی گئی تھی۔ ترجمان پولیو پروگرام کے مطابق اس سال میں دنیا بھر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں. رواں برس ایک کیس افغانستان اور 2 ملاوی سے رپورٹ ہوا. واضح رہے کہ پولیو سے متاثرہ کسی بھی ملک کو باضابطہ طور پر اس بیماری کے خاتمے کے لیے لگاتار 3 سال تک پولیو سے پاک ہونا ضروری ہے.