ویب ڈیسک: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے چین میں منعقدہ انیسویں ویسٹرن پیسیفک نیول سمپوزیم میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انیسویں ویسٹرن پیسیفک نیول سمپوزیم کا موضوع ’’سمندر کے ساتھ مشترکہ مستقبل‘‘ تھا، سمپوزیم میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کی بحریہ کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کی کمانڈر یو ایس پیسیفک فلیٹ، فرسٹ سی لارڈ اور رائل نیوی کے چیف آف نیول سٹاف، کمانڈر انچیف رشین فیڈریشن نیوی سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ کی چیف آف انڈونیشین نیوی، چیف آف بنگلہ دیش نیوی، جنوبی کوریا کے چیف آف نیول آپریشنز، سنگاپور کی بحریہ کے سربراہ اور برونائی بحریہ کے قائم مقام ڈپٹی کمانڈر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ ملاقاتوں کے دوران نیول چیف نے عالمی سطح پر میری ٹائم ڈومین میں بڑھتے ہوئے خطرات اور بلیو اکانومی سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ 2014ء سے ویسٹرن پیسیفک نیول سمپوزیم میں بطور مبصر شامل ہے، چیف آف دی نیول سٹاف کا حالیہ دورہ علاقائی اور عالمی میری ٹائم سکیورٹی کو بڑھانے کے لئے شریک بحری افواج کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو تقویت دے گا۔