عازمین ہوشیار! جعلی حج پرمٹ پرسخت کارروائی ہوگی

عازمین ہوشیار! جعلی حج پرمٹ پرسخت کارروائی ہوگی
کیپشن: عازمین ہوشیار! جعلی حج پرمٹ پرسخت کارروائی ہوگی

ویب ڈیسک: وزارت مذہبی امور نے عازمین کو جعلی پرمٹ پر حج کے لیے بھیجنے والوں سے ہوشیار کردیا ہے جبکہ وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو سعودی عرب روانگی سے قبل لازمی ویکسین (گردن توڑ بخار، فلو، پولیو) لگوانے کی ہدایت دی ہے۔ تمام عازمین حج کو اپنے نزدیکی حاجی کیمپ سے یہ ویکسین مفت میں لگوا کر پیلا کارڈ حاصل کرنا ضروری ہے۔ پیلا کارڈ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ صرف مستند حج اجازت نامہ کے ساتھ سعودی عرب کا سفر کریں، جعلی کمپنیوں اور غیر قانونی اشتہارات اور غیر مصدقہ اجازت ناموں کے ذریعے عازمین کو دھوکہ دیا جا سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے اجازت ناموں سے ہوشیار رہیں جو جعلی اور سعودی حکام کی جانب سے تسلیم شدہ نہ ہوں، جعلی اجازت نامے عازمین حج کے لیے مشکلات کا سبب بن جائیں گے، جعلی اجازت ناموں کے استعمال پر سعودی حکام کی جانب سے سخت سزائیں مقرر ہیں۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جعلی اجازت ناموں پر عازمین کو حراست میں لیا جانا، جرمانے اور ملک بدری شامل ہے، سعودی قوانین کی خلاف ورزی پر منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے مقدس مقامات میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا ہے کہ غیر قانونی اور غیر مستند حج پیکیج کے  لیے ادا کی گئی رقم واپس نہیں ملے گی جبکہ حج کی قبولیت اور فیوز و برکات کے لیے ضروری ہے کہ سعودی قوانین کا احترام کیا جائے۔

دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے عازمین اپنا پرانا کرونا ویکسین کارڈ ہمراہ رکھیں۔ اگر یہ کارڈ موجود نہ ہو تو انہیں وزارت مذہبی امور کے نزدیک حاجی کیمپ سے کرونا  ویکسین مفت میں لگوا کر پیلا کارڈ حاصل کرنا ضروری ہے۔ پیلا کارڈ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

Watch Live Public News