(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت ہمیشہ آبی دہشت گردی کا سہارا لیتا ہے، اگر پاکستان کا پانی روکا گیا تو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائےگا۔
عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل کاکول میں پہلگام واقعے پر پاکستان کا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کیا، جو سفارتی محاذ پر ایک اہم ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے شفاف و غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے پر بھارت بیک فٹ پر چلا گیا اور کئی بیرونی ممالک نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے اور اس جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہا ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ افواج پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے ملک کا بھرپور دفاع کیا اور معرکۂ حق میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر اپنی طاقت کا لوہا منوایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی اور پاکستان کو عالمی سطح پر عزت، وقار اور اعتماد حاصل ہوا ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کا مورال بھی بلند ہوا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سچ عالمی سطح پر ایک روشن حقیقت کے طور پر سامنے آیا جب کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں مل سکی ۔