حکومت جتنا مرضی ڈرا لے،عمران خان نے اب جلسہ منسوخ کرنے سے منع کردیا:علیمہ خان

حکومت جتنا مرضی ڈرا لے،عمران خان نے اب جلسہ منسوخ کرنے سے منع کردیا:علیمہ خان
کیپشن: حکومت جتنا مرضی ڈرا لے،عمران خان نے اب جلسہ منسوخ کرنے سے منع کردیا:علیمہ خان

ویب ڈیسک: عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 8ستمبر کو عمران خان کے حکم پر میں بھی جلسہ میں شرکت کروں گی، عمران خان نے کہا ہے کہ چاہے یہ 400 دھمکیاں دیں یا کہیں کہ راستے میں راکٹ لانچر ہے جلسہ ضرور ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساروں کو ایک فکر ہے کہ ہم سیاست میں نہ آجائیں،کوئی ہم سے پوچھ کیوں نہیں لیتا کہ ہم سیاست میں آنا چاہتے ہیں کہ نہیں,ہم بتا بتا کر تھک گئے ہیں کہ آپ نہ ڈریں ہم سیاست میں نہیں آنا چاہتے,آپ کہتے ہیں کہ یہ سیاست میں پارٹی ٹیک اوور کرنے لگے ہیں،اس وقت مسلم امہ میں مانا جانے والا ایک ہی لیڈر عمران خان ہے،سکرپٹ لکھنے والا سکرپٹ تو بدل لیں،آپ کہتے ہیں کہ بشری یا علیمہ پارٹی ٹیک اوور کرنے لگی ہیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان ہمارا لیڈر بھی ہے اور بھائی بھی ہے۔ آپ جو چاہیں کریں ہم کھڑے رہیں گے۔

علیمہ خان نے کہا آپ ان تین چار خواتین سے ڈر رہے ہیں،ہم میڈیا سیل بھی ہیں،کیسسز بھی ہم نے دیکھنے ہیں، عمران خان کی حفاظت بھی کرنی ہے،ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے،ہم پاگل ہیں کہ سیاست میں آئیں گے،یہاں سیاست تو ہو ہی نہیں رہی،آپ سارا دن ایک دوسرے کو نیچے کھینچ رہے ہیں،ہمارے پاس زندگی میں اتنا وقت نہیں کہ جاکر اس دنگل میں گھس جائیں، عمران خان ہمارا لیڈر ہے اسکو فالو کرتے ہیں اسکی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے پیچھے پیچھے خواتین کے پیچھے پھرتے ہیں،کیا پاکستان کا یہ حال ہو گیا ہے آپکو خواتین سے ڈر لگنا شروع ہو گیا ہے،خدا کے واسطے آپ اپنی زندگی کی سمت اس ملک کے لئے سیدھی کریں،ن لیگ کے پاس اور کرنے کو تو کچھ نہیں،جو بھی انکے ساتھ ملکر کر رہےہیں،ہم پھر بھی کھڑے رہیں گے، عمران خان کی زندگی کا سوال ہے۔

  علیمہ خان نے کہا کہ آپ بے شک سکیورٹی کے نام پر ہمارے پیچھے گاڑیاں لگا دیں، یہ لوگ جب جلسہ ملتوی کرنا ہوتا ہے پاؤں پڑجاتے ہیں۔اب عمران خان نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو ہرحال میں جلسہ ہوگا۔8 کو یہ دوبارہ کہیں گے کہ بم پھٹنے لگا ہے،ہم 8کو   آ رہے ہیں نہیں رکیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو جیلوں میں ڈالا ہوا ہے، تیسری بار اڈیالہ جیل کا عملہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ آپ جب ٹی وی پر ہمارا تماشا بناتے ہیں تو کیا گھر کی خواتین آپ سے نہیں پوچھتیں، ان کو جاکر کیا کہتے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ آئندہ کے لئے بھی جو مخصوص پیغام ہوگا، عمران خان کی ہدایت پر آکر دیا کریں گے۔ عمران خان نے 3،4 لوگوں کو مخصوص پیغام کے لئے مختص کیا ہے۔

Watch Live Public News