ویب ڈیسک: مصری شاہ کے علاقے میں کم عمر بچی کو ہراساں کرنے والے اوباش کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 12 سالہ بچی اپنے والد کے لیے دوا خریدنے دکان پر آئی تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے بچی کے ساتھ ہاتھ ملانے کے بہانے نازیبا حرکت کی اور موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دی گئی جس پر مصری شاہ پولیس نے فوری رسپانس کرتے ہوئے ملزم شہباز کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ایس ایچ او مصری شاہ علی زیب دستگیر اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا، جس پر انہیں شاباش دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں اور بچیوں کو ہراساں کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ’’یہ ایک ریڈ لائن ہے، ایسے عناصر معاشرے میں عدم تحفظ پھیلاتے ہیں اور قانون ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔‘‘
پولیس حکام نے مزید کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو خریداری یا دیگر کاموں کے لیے اکیلا نہ بھیجیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ایسے واقعات کی صورت میں فوراً پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔