ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار سنجے دت کی بیٹی تریشلا دت نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مبہم پوسٹ شیئر کی ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پوسٹ میں، تریشلا دت نے خاندانی تعلقات، ذہنی صحت اور والدین کے خراب رویوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ شخص جو آپ سے خونی رشتہ رکھتا ہے ضروری نہیں کہ آپ کی زندگی کا حق رکھتا ہو، آپ کو اپنے ذہنی سکون کی خاطر اُن سے کم رابطہ رکھنے یا کسی بھی طرح سے رابطہ منقطع کرنے کا انتخاب کرنے کا پورا حق ہے۔
تریشلا نے پوسٹ میں واضح کیا کہ خاندانی نام کسی کو بھی آپ کو بار بار ذہنی اذیت دینے کی اجازت نہیں دیتا، چاہے وہ آپ کے والدین ہی کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو بھی اپنے والدین سے خود کو دور کرنے کا حق ہے جو انہیں "غنڈہ گردی" کے ذریعے کنٹرول کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
تریشلا کی اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے کہا کہ باپ اور بیٹی کے درمیان تعلقات خراب چل رہے ہیں اس لیے انہوں نے اس طرح کی پوسٹ کی ہے۔
خیال رہے کہ تریشلا سنجے دت اور ان کی پہلی بیوی رچا شرما کی بیٹی ہیں۔ وہ 1996 میں کینسر کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔
تریشلا اپنے نانا نانی کے ساتھ امریکہ میں پلی بڑھی اور پیشے سے ماہر نفسیات ہیں۔ سنجے دت کے اپنی موجودہ بیوی مانایاتا دت سے دو بچے (ایک بیٹا اور ایک بیٹی) ہیں، جن کے ساتھ وہ ممبئی میں رہتے ہیں۔