(ویب ڈیسک ) سیالکوٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 355 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی، جس نے گزشتہ 11 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں رنگ پورہ، شہاب پورہ، دارا آرائیاں، علامہ اقبال چوک اور پریم نگر سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں تک مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ ڈیک میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس وقت پانی کا بہاؤ 77 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ سیلاب کے باعث متعدد دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں، اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔
مزید بتایا گیا کہ دریائے چناب میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی سطح 3 لاکھ 65 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر بہاؤ 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک جبکہ جسڑ کے مقام پر 1 لاکھ 42 ہزار 20 کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق دریائے راوی میں اس وقت شدید سیلابی ریلا گزر رہا ہے اور کرتارپور سمیت مختلف علاقوں سے اب تک 257 افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔