(ویب ڈیسک) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے نے ہر آنکھ نم کر دی۔ آگ کی لپیٹ میں آکر 14 معصوم بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچی کو بچا لیا گیا جس کی تصویر سامنے آگئی ہے۔
واقعے کے بعد اسپتال میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پمز اسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے باعث افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 14 نومولود جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں ۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے زیر صدارت پمز میں آتشزدگی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ختم ہوگیا۔انہوں نے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار اور سخت ترین کاروائی کے احکامات جاری کردیے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے سیکریٹری صحت کو معطل کرتے ہوئے اجلاس سے سے جانے کا کہا۔وزیراعظم شہباز شریف نےپمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعہ میں نومولود جاں بحق ہونے معصوم بچوں کے والدین سے دلی اظہار تعزیت کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے پر دل رنجیدہ ہے۔والدین کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائیں۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے تحقیقات شروع کردی۔سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔