لاہور: متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر یواے ای ویزاکی پابندی کی خبروں کی تردید کردی ۔ تفصیلات کےمطابق متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) نے مخصوص پاکستانی شہریوں پر ویزا پابندی کی تردید کر دی ہے۔ قونصل جنرل امارات کراچی بخیت عتیق الرمیثی نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی شہری پر یو اے ای کے ویزے کے حصول کی پابندی نہیں، مخصوص شہروں میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہریوں پر پابندی کی اطلاعات کو "فیک نیوز" ہیں۔ بخیت عتیق الرمیثی نے کہا ہے کہ یو اے ای حکومت کی جانب سے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے، پاکستان کے شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزہ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں، اسلام آباد اور لاہور کے ساتھ کراچی قونصلیٹ سے بھی ویزے جاری کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ سماجی رابطوں کی کچھ ویب سائٹس پر اس طرح کے پوسٹرز گردش کر رہے ہیں جن میں پاکستان کے مختلف شہروں میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے سیاحتی ویزے کی پابندی ظاہر کی جا رہی ہے۔ ان پوسٹرز میں پارا چنار، ہنزہ، اسکردو، کوٹلی آزاد کشمیر، مہمند ایجنسی، کرم ایجنسی، باجوڑ ایجنسی، ہنگو، چکوال، کوہاٹ، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، اٹک، خوشاب، شیخو پورہ، سرگودھا، مظفر گڑھ، ساہیوال، قصور، لاڑکانہ، نواب شاہ، سکھراور کوئٹہ نمایاں طور پر شامل کیے گئے ہیں۔ ان شہروں میں پیدا ہوئے پاکستانیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزےکے لیے اپلائی نہ کریں ورنہ انہیں مسترد کر دیا جائے گا۔