ویب ڈیسک: جیل میں قیدیوں کے PCO استعمال بارے اصول و ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں۔ قیدیوں کو عزیز و اقارب اور وکلاء سے رابطے کیلئے آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قیدی پیر تا ہفتہ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک PCO استعمال کر سکتے ہیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ تمام اسیران کو PCO سہولت فراہم کرنے کیلئے ہفتہ وار شیڈول جاری کریگا۔ ہر قیدی رابطے کیلئے زیادہ سے زیادہ 5 فون نمبر سسٹم میں رجسٹر کروا سکتا ہے۔ قیدی کو صرف خونی رشتہ داروں، اہلیہ اور لیگل کونسل سے رابطے کی اجازت ہے۔
سسٹم آپریٹر قیدی کی درخواست پر اُسی دن سپرٹنڈنٹ جیل سے تصدیق کے بعد PCO کی سہولت فراہم کریگا۔ دہشتگردی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث مجرمان کے علاوہ تمام قیدیوں کو PCO استعمال کی اجازت ہے۔ اسیران کو ایک ہفتے میں 60 سے 80 منٹ پی سی او استعمال کی اجازت ہو گی۔
متعلقہ بیرک انچارج کی تصدیقی سلپ پر ہی ہر قیدی کو PCO استعمال کی اجازت ملے گی۔ پی سی او استعمال کیلئے قیدی اپنے پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم پی پی اکاؤنٹ سے رقم منہا کروائیں گے۔ 18 سال سے چھوٹے اور نادار اسیران کو PCO کی سہولت مفت فراہم کی جائیگی۔ جیل جرائم میں ملوث افراد یا نقص امن کے خطرے کے پیشِ نظر سپرنٹنڈنٹ کسی قیدی کی PCO سہولت بند کر سکتا ہے۔
متعلقہ ڈی آئی جی ریجن اطلاع موصول ہونے کے 3 یوم میں مناسب وجوہات کی روشنی میں PCO سہولت بحال کر سکتا ہے۔ جیل جرائم کے مرتکب قیدی کو پنشمنٹ بلاک میں بند کیا جائے گا اور PCO سہولت عارضی طور پر بند رہے گی۔ کسی قیدی کو کانفرنس کال کی اجازت نہیں ہو گی۔
انچارج اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل دورانِ کال کسی بھی نازیبا یا قابل اعتراض گفتگو پر کال منقطع کرنے کا مجاز ہے۔ نازیبا، ملک دشمن اور قابل اعتراض گفتگو پر متعلقہ قیدی کی PCO سہولت عارضی طور پر بند ہوگی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کسی قیدی کی PCO سہولت ایک ماہ تک بند کر سکتا ہے اس سے زیادہ مدت کی اجازت ڈی آئی جی ریجن دے گا۔
کوئی بھی قیدی فون بوتھ سے 6 ملا کر آئی جی جیل خانہ جات کمپلینٹ سیل میں مفت شکایت درج کروا سکتا ہے۔ خواتین، نوعمر اور سزائے موت کے قیدیوں کا PCO بوتھ انکے اپنے بیرک میں ہو گا۔ تمام کالز کا ریکارڈ کم از کم ایک ماہ تک محفوظ رکھا جائے گا۔
ایک اسیر کا صرف ایک PCO اکاؤنٹ بنایا جائیگا اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کیخلاف کارروائی ہوگی۔ سپرنٹنڈنٹ جیل ماہانہ بنیادوں پر PCO سسٹم کی کمپیوٹرائزڈ فنانشل رپورٹ پریزن فاؤنڈیشن کو بھجوائے گا۔