ویب ڈیسک: قازقستان کے شہر اکٹو کے ہوائی اڈے کے قریب گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والے آذر بائیجان کے مسافر طیارے کا بلیک باکس تلاش کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آذر بائیجان کی تحقیقاتی ٹیم قازقستان میں طیارہ گرنے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
معاملے کا جائزہ لینے والے آذربائیجان کے پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ اس وقت طیارہ گرنے کے تحقیقاتی نتائج ظاہر نہیں کرسکتے۔
اُن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کی تمام ممکنہ وجوہات کا جائرہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے مسافر بردار طیارے میں 62 مسافر اور 5 عملے کے افراد سوار تھے۔
بدقسمت طیارے کے حادثے میں 39 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب حادثے کے شکار ہونے والے آذربائیجان کے مسافر طیارے کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مبینہ طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی یا چیچن فورس نے مبینہ طور پر آذربائیجان کے طیارے کو غلطی سے نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق میزائل فضا میں پھٹنے کی وجہ سے اس کے ٹکڑے مسافر طیارے کے پچھلے حصے پر لگے۔
ذرائع کے مطابق پائلٹ نے طیارے کو گروزنی میں دوبار لینڈ کرنے کی کوشش کی، تیسری بار لینڈنگ کی کوشش کے دوران مسافروں نے دھماکے کی آواز سنی۔