ویب ڈیسک:سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے مطالبہ کیا کہ 9مئی واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں،26نومبر واقعہ میں ہمارے164کارکن لاپتا ہیں۔
تفصیلات کےمطابق صاحبزادہ حامد رضا کااپنے بیان میں کہنا تھا کہ 8فروری کو ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا،پارلیمنٹ کی چار دیواری کو پامال کیا گیا،ہم نے بانی پی ٹی آئی کو کہا کہ آپ کی رہائی ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ہم چاہتے ہیں آئینی اور قانونی طریقے سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو،2جنوری کو حکومتی کمیٹی کے سامنے بیٹھیں گے اور سارے مطالبات سامنے رکھیں گے،عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کو موقع نہیں دیا گیا۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور صوبائی حکومت سمیت تمام پارلیمنٹیرینز اور کارکنان اور اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،عمران خان نے کہا ہے کہ یہ سب میرا فخر ہیں ۔
بڑی خبر دیتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کی بقا کی خاطر اپنے اوپر قاتلانہ حملہ اور ناروا سلوک پر عام معافی کا اعلان کیا، انہوں نے علی امین گنڈا پور پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نےحکومت کو مذاکرات کے لیے 31 جنوری 2025 تک کا الٹی میٹم دے دیا۔
بانی پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈر ٹرائل سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9مئی اور 26 نومبر پر سینئر ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کا قیام ہمارے مطالبات ہیں، حکومت نتیجہ خیز مذاکرات چاہتی ہے تو عمل کرے، عملدرآمد پر سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کر دیں گے۔
