خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیاں ،13 خوارج ہلاک، میجر محمد اویس شہید

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیاں ،13 خوارج ہلاک، میجر محمد اویس شہید

(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیاں میں 13 خوارج ہلاک کردیے جبکہ اس دوران   میجر محمد اویس شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 25-26 دسمبر 2024 کو  خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے 3 مختلف کارروائیاں کیں جن میں   سیکیورٹی فورسز نے 13 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بنوں کی ڈسٹرکٹ جانی خیل خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  شمالی وزیرستان انٹیلیجنس آپریشن کے دوران 5 خوارج کو ہلاک  کیا گیا جبکہ  آٹھ زخمی ہیں۔ 

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 31 سالہ میجر محمد اویس بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔33 سالہ میجر محمد اویس شہید کا تعلق ضلع نارووال سے ہے ، میجر محمد اویس شہید نے 10 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا ، میجر محمد اویس شہید نے سوگواران میں اہلیہ ایک بیٹا، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  جنوبی وزیرستان میں تیسرے مقابلے میں سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک اور 8 کو زخمی  کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ   خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،   پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے،  ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیر اعظم  کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے   بنوں،   شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا۔ انہوں نے ان کاروائیوں میں 13 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی  کی۔

وزیراعظم  نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد اویس کو خراج عقیدت  پیش کیا اور شہید  میجر اویس کی بلندی درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت  کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  پوری قوم شہید میجر اویس کو سلام پیش کرتی ہے ، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہید میجر محمد اویس کو زبردست خراج عقیدت: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ شہید   میجر محمد اویس کی بہادری پر فخر ہے۔ قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ   میجر محمد اویس نے بہادری سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے  شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ شہید میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ شہید میجر محمد اویس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ  قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں  نے  شہید میجر محمد اویس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں 13 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر داخلہ  نے کہا کہ  13 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو  ناکام بنایا۔

Watch Live Public News