صدریواےای شیخ محمد بن زایدالنہیان پاکستان پہنچ گئے،پرتپاک استقبال

صدریواےای شیخ محمد بن زایدالنہیان پاکستان پہنچ گئے،پرتپاک استقبال
کیپشن: صدر متحدہ عرب امارات 1روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے، اسلام آباد میں عام تعطیل

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر کا طیارہ نور خان ایئربیس پر لینڈ کر گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اماراتی صدر کے استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

دورے کے دوران صدر شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ امور، علاقائی صورتحال اور پاک امارات تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای صدر کا دورہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

یو اے ای صدر کے دورۂ پاکستان کے پیش نظر اسلام آباد میں آج عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بھی آج بند رہیں گے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس میں بھی آج چھٹی ہوگی۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق 26 دسمبر کو عدالتیں بند رہیں گی اور کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔

وفاقی آئینی عدالت نے بھی آج کی کاز لسٹ منسوخ کرتے ہوئے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق اسلام آباد کے ہسپتال، بینک، ضروری سروسز کے دفاتر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے دفاتر، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

Watch Live Public News