(ویب ڈیسک )پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی ) کی جانب سے نیٹ بال فیڈریشن کے 6 سابق عہدیداروں پر پابندی لگادی گئی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری گرانٹس کے استعمال کا مکمل ریکارڈ جمع نہ کرانے پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے 6 سابق عہدیداروں پر پابندی لگائی۔یہ پابندی مالی سال 23-2022 اور 24-2023 کے دوران دی جانے والی مجموعی طور پر 65 ملین روپے کی سرکاری گرانٹس کے حساب پیش نہ کرنے پر لگائی گئی ہے۔
اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن مالی ریکارڈ 7 دن کے اندر جمع کرائیں، مطلوبہ مالی ریکارڈ جمع کرانے کی صورت میں پابندی پر نظرِ ثانی کی جا سکتی ہے، جبکہ اس فیصلے کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل کا حق بھی موجود ہے۔
ادھر نیٹ بال فیڈریشن نے پی ایس بی کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔سیکریٹری محمد ریاض نے واضح کیا کہ وہ تمام آڈٹ جمع کراچکے ہیں، پی ایس بی نیٹ بال فیڈریشن پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔