ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے مارچ سے ستمبر تک ملک میں شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ گلیشیئر پگھلنے اور سیلابی صورتحال کا سبب بن سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق شمالی علاقہ جات میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کے واقعات سے آبادیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقوں احمد آباد، فیض آباد، گلمت اور وادی اشکومن میں سیلاب کے خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخواہ کے کمراٹ، ریشون، یارخن ویلی اور بریپ میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے خبردار کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ حکام کو ہنگامی انخلا کا منصوبہ تیار رکھنے، وارننگ سسٹم فعال رکھنے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔