(ویب ڈیسک ) وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب بھر میں پالتو شیر رکھنے کی قانونی اجازت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے 8 سالہ بچے واجد کا بازو ضائع ہونے کے واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے یہ بڑا فیصلہ کیا ۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ننھے واجد کو گنگا رام ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔انہوں نے ننھے واجد کو جدید بائیونک آرم لگانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعلی مریم نواز نے واقعے کو دانستہ چھپانے، جھوٹ بول کر حقائق چھپانے اور مقامی ہسپتال میں واجد کا بازو کاٹنے پر سخت قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے ننھے واجد اور اس کے والدین سے اظہار ہمدردی، بچے کی مکمل طبی دیکھ بھال کی بھی ہدایت کی۔
ڈھولا بریڈنگ فارم پر ہونے والے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔افسوناک واقعے کی اطلاع فارم ہاؤس کے مالک نے پولیس یا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو نہیں دی۔
پولیس اور محکمہ جنگلی حیات نے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ایف آئی آر درج کر لی گئی۔پرائیویٹ ہسپتال میں بچے کے بازو پر زخم کی وجہ بھی غلط بتائی گئی۔فارم ہاؤس کے مالک نے بچے کے والدین کو بھی جھوٹی کہانی سنانے پر مجبور کیا۔
پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت شرائط و ضوابط کے ساتھ پالتو 'وائلڈ کیٹس' رکھنے کے لائسنس جاری ہوتے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز نے قانون سے وائلڈ کیٹس رکھنے کی شق ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔