چین نے سی پیک کے تمام منصوبوں کو محفوظ، بہترین اور اعلیٰ معیار کے مطابق آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس سے بہتر استفادہ کر سکیں۔ بیجنگ میں بریفنگ کے دوران چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے کہا کہ اس سلسلے میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان جن امور پر اتفاق رائے ہوا تھا چین اس پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت، میڈیا اور تھنک ٹینکس سے تبادلہ خیال اور سی پیک منصوبوں کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیا ہے۔ ادھر ایک ٹویٹ میں چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ عالمی تعاون کے بارے میں سی پیک کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے تیسرے اجلاس میں سی پیک کے اعلیٰ معیار کے ترقیاتی کام پر زور دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کھلے اور جامع پلیٹ فارم کے طور پر دونوں فریقین نے سی پیک کے مشترکہ مفادات پر مبنی منصوبوں سے استفادہ کرنے کیلئے شمولیت کے خواہاں دیگر ملکوں کا خیر مقدم کیا ہے۔