گزشہ مالی سال ترسیلات زر، برآمدات،بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ،معاشی آؤٹ لک رپورٹ

گزشہ مالی سال ترسیلات زر، برآمدات،بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ،معاشی آؤٹ لک رپورٹ
اسلام آباد: وزارت خزانہ کی جانب سے ماہانہ معاشی آؤٹ لک جاری کردی ‏ گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال ترسیلات زر، برآمدات، بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے، درآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، روپے کی قدر اور مالی ذخائر میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مہنگائی، ایف بی آرمحصولات، نان ٹیکس آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک سال میں ترسیلات زر میں 13.6 فیصد کی کمی ہوئی، ترسیلات زر 31.3 ارب ڈالر سے کم ہوکر 27 ارب ڈالر رہیں، برآمدات میں ایک سال میں 14.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ‎ ‎میں کہا گیا ہے کہ ایک سال میں درآمدات میں 27.3 فیصد کی کمی ہوئی ،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 85.4 فیصد کی کمی ہوئی، بیرونی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، ایک سال میں روپے کی قدر میں 67 روپے 37 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں ملکی مالی ذخائر میں ایک ارب 37 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے جبکہ ایک سال میں ایف بی آر محصولات میں 16.6 فیصد کا اضافہ ہوا۔ایف بی آر گزشتہ مالی سال کا محصولات کا نظرثانی شدہ ہدف بھی حاصل کرنے میں ناکام ہے، گزشتہ مالی سال ایف بی آر کا نظرثانی شدہ ہدف 7200 ارب روپے رکھا گیا تھا، ‏ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال 7169 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی مجموعی شرح 12.3 فیصد سے بڑھ کر 29.2 فیصد تک پہنچ گئی، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 14.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔