راولپنڈی: غیرت کے نام پر قتل کی لرزہ خیز واردات، اہم انکشافات

راولپنڈی: غیرت کے نام پر قتل کی لرزہ خیز واردات، اہم انکشافات
کیپشن: راولپنڈی: غیرت کے نام پر قتل کی لرزہ خیز واردات، اہم انکشافات

ویب ڈیسک: راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں غیرت کے نام پر مبینہ طور پر قتل کی گئی خاتون سدرہ کے کیس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس تفتیش کے مطابق سدرہ کو جرگے کے فیصلے پر گھر کے اندر گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور پھر خاموشی سے دفنا دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سدرہ، جو ضیا الرحمان کی اہلیہ تھی، 11 جولائی کو گھریلو ناچاقی کے باعث لاپتہ ہوئی۔ اس کے مبینہ طور پر ایک نوجوان عثمان سے تعلقات کی افواہ پر اس کے والد، خاوند اور دیگر رشتہ دار مشتعل ہوئے۔ 16 جولائی کو مظفر آباد سے واپس لائی گئی سدرہ کو اگلے روز ایک خاندانی جرگے کے سامنے پیش کیا گیا۔

جرگے کی سربراہی باڑہ مارکیٹ کے تاجر عصمت اللہ نے کی، جس نے فیصلہ سنایا کہ سدرہ نے جینے کا حق کھو دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سدرہ کے والد، بھائی اور چچا سسر نے اسے گھر میں قتل کیا، غسل اور جنازہ بھی گھر میں ہی دیا گیا، اور پھر رکشے میں لاش کو پیرودھائی قبرستان پہنچا کر فوری دفنا دیا گیا۔

پولیس نے مشکوک سرگرمیوں پر کارروائی کا آغاز کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے قبرستان کی سی سی ٹی وی فوٹیج، رکشہ ڈرائیور کا بیان اور قبرستان ریکارڈ کی مدد سے قتل کی تصدیق کی۔ سدرہ کی میت پولی تھین میں لپٹی ہوئی تھی اور فوٹیج میں تمام ملوث افراد واضح نظر آئے۔

پولیس نے قبرستان کمیٹی کے رکن اور گورکن کو گرفتار کر لیا، جبکہ سدرہ کے والد، شوہر اور دیگر رشتہ داروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ عدالت میں قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کی درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس پر آج سماعت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عصمت اللہ کا سیاسی جماعتوں سے قریبی تعلق رہا ہے اور اس کے خلاف ماضی میں بھی مختلف مقدمات درج ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق تمام ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Watch Live Public News