(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نے 9 مئی کے مقدمات میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں مسترد کیے جانے کے بعد سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں وفاقی حکومت اور تھانہ گلبرگ کے انسپکٹر عمران صادق کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان نے سپریم کورٹ سے ریلیف دینے اور ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جناح ہاؤس سمیت 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔