ویب ڈیسک: امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر بربینک میں طیارے کا بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کی پرواز کو درمیانی فضا میں دوسرے طیارے سے ٹکرانے سے بچنے کے لیے اچانک تقریبا 500 فٹ نیچے اترنا پڑا۔ یہ واقعہ بربینک ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے فورا بعد پیش آیا اور طیارے میں سوار دو فلائٹ اٹینڈنٹ زخمی ہوگئے۔
حادثہ کیسے رونما ہوا؟
جیسے ہی ساؤتھ ویسٹ ایئر لائن کی پرواز 1496 نے بربینک ایئرپورٹ سے ٹیک آف کیا، پائلٹس کو کاک پٹ میں الرٹ ملا ۔ الرٹ میں کہا گیا کہ ایک اور طیارہ خطرناک حد تک ان کے قریب آ رہا ہے ۔ پائلٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو تصادم سے بچنے کے لیے تیزی سے نیچے اتارا۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق طیارہ تقریبا 500 فٹ نیچے آیا جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
جس دوسرے طیارے سے ٹکر ہونے والی تھی وہ ہاکر ہنٹر لڑاکا طیارہ تھا۔ دونوں طیاروں کے درمیان عمودی اونچائی کا فاصلہ صرف 350 فٹ تھا جو کہ بہت کم ہے۔ اس واقعے کے بعد ساؤتھ ویسٹ کا بوئنگ 737 طیارہ بحفاظت اپنی منزل لاس ویگاس میں لینڈ کر گیا۔
اس واقعے میں طیارے میں سوار مسافروں کو کوئی چوٹ نہیں آئی تاہم وہ بری طرح خوفزدہ تھے۔ کیٹلن برڈی نامی ایک مسافر نے کہا کہ یہ خوفناک تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بعد میں پائلٹ نے انٹرکام پرآکر بتایا کہ وہ دوسرے طیارے سے ٹکرانے سے بال بال بچ گئے ہیں۔ یہ واقعہ مسافروں کے لیے ایک خوفناک تجربہ تھا۔
یہ پہلا واقعہ نہیں
امریکہ میں پچھلے کچھ عرصے سے ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، خاص کر فوجی طیاروں کے ساتھ۔ ایک ہفتہ قبل: شمالی ڈکوٹا میں اسکائی ویسٹ ایئرلائنز کے طیارے کو لینڈنگ کے دوران امریکی فضائیہ کے B-52 بمبار سے بچنے کے لیے اچانک سمت تبدیل کرنا پڑی۔ مارچ میں: ڈیلٹا ایئر لائنز کا ایک طیارہ واشنگٹن کے قریب ایئر فورس کے چار T-38 لڑاکا طیاروں کے خطرناک حد تک قریب آیا۔
ان واقعات سے جنوری میں ہونے والے بڑے حادثے کے خدشات بڑھ گئے ہیں جس میں فوج کا ہیلی کاپٹر مسافر طیارے سے ٹکرا یا، جس میں67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فی الحال، یو ایس فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔