پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس، فیلڈ مارشل کا شرکاء کا خیر مقدم

پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس، فیلڈ مارشل کا شرکاء کا خیر مقدم

(ویب ڈیسک ) پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس  منعقد ہوئی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے  شرکاء کا خیر مقدم کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس منعقد ہوئی۔جس میں  امریکہ، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت  نے  شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  کانفرنس تعلقات کو مضبوط کرنا، امن کو محفوظ بنانے کے موضوع پر ہوئی ۔کانفرنس میں سیکورٹی تعاون کو تقویت دینے اور تربیتی اقدامات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  انسداد دہشت گردی اور دفاعی و سلامتی کی کوششوں کے تبادلے پر گفتگو کی گئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے دفاعی وفود کا خیرمقدم کیا ۔ فیلڈ مارشل  نے خطے میں امن، استحکام کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ  بین الاقوامی خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے دور میں ملٹری ٹو ملٹری تعاون، اسٹریٹجک ڈائیلاگ اور باہمی اعتماد سب سے اہم ہے،  پاکستان ایک محفوظ اور خوشحال علاقائی ماحول کی تعمیر کے لیے شراکت دار ممالک کے ساتھ کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  کانفرنس کے مندوبین  نے امن، قومی خودمختاری کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ  کیا۔ دہشت گردی، سائبر عدم تحفظ اور انتہا پسندی سمیت مشترکہ سلامتی کے خطرات کےمقابلے کا  بھی عزم کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شرکاء نے پاکستان کی قیادت، مہمان نوازی اور دفاعی سفارت کاری کے فروغ کے اقدام کو سراہا۔ یہ سٹریٹجک ہم آہنگی مشترکہ سلامتی کے مفادات اور علاقائی یکجہتی کے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہے۔

Watch Live Public News