انسان زیادہ سے زیادہ کتنی عمر تک زندہ رہ سکتا ہے؟ نئی تحقیق نے بتا دیا

انسان زیادہ سے زیادہ کتنی عمر تک زندہ رہ سکتا ہے؟ نئی تحقیق نے بتا دیا

(ویب ڈیسک) انسانی زندگی کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ مدت کیا ہو سکتی ہے؟ اگرچہ اس سوال کا قطعی جواب دینا ممکن نہیں، تاہم ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق جدید ترین طبی ٹیکنالوجی کے باوجود انسان کی زیادہ سے زیادہ عمر تقریباً 146 سے 194 سال تک محدود رہ سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق انسان کے لیے ہمیشہ زندہ رہنا ممکن نہیں، کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ جسم کے جینز اور ڈی این اے میں ایسی تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں جنہیں مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں۔

سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں زندگی بھر کے دوران ڈی این اے اور جینز میں آنے والی تبدیلیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محققین کے مطابق ان میں سے زیادہ تر تبدیلیاں بے ضرر ہوتی ہیں، لیکن بعض تبدیلیاں خلیات کو نقصان پہنچاتی ہیں، جس کے نتیجے میں جسمانی افعال متاثر ہوتے ہیں اور عمر سے متعلق مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ جینیاتی تبدیلیاں خلیات کی قدرتی تقسیم کے علاوہ وائرس، مخصوص کیمیکلز اور سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں جیسے ماحولیاتی عوامل کے باعث بھی پیدا ہوتی ہیں، جن سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں۔

سائنس دانوں نے ایک کمپیوٹر ماڈل تیار کیا جس میں بڑھاپے کے قابلِ واپسی حیاتیاتی عوامل کو شامل کیا گیا، جبکہ جینیاتی تبدیلیوں کو برقرار رکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا گیا کہ انسان زیادہ سے زیادہ کتنی عمر تک زندہ رہ سکتا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اگر مستقبل میں انتہائی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بڑھاپے کے اثرات کو نمایاں طور پر سست بھی کر دیا جائے، تب بھی انسان کی زیادہ سے زیادہ متوقع عمر 194 سال سے آگے نہیں بڑھ سکتی۔

محققین نے وضاحت کی کہ جلد اور جگر جیسے اعضا مسلسل نئے خلیات بناتے رہتے ہیں، جس سے کچھ جینیاتی نقصانات کی تلافی ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس دل اور دماغ کے بیشتر خلیات آسانی سے تبدیل نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے ان میں ہونے والا جینیاتی نقصان مستقل نوعیت اختیار کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام جینیاتی تبدیلیاں نقصان دہ نہیں ہوتیں، لیکن وقت کے ساتھ ان کی مجموعی تعداد انسانی عمر کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمر رسیدگی میں دیگر حیاتیاتی عوامل بھی شامل ہو سکتے ہیں، جن پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ دنیا میں اب تک سب سے زیادہ عمر پانے کا ریکارڈ فرانسیسی خاتون جین کالمان کے نام ہے، جنہوں نے 1997 میں 122 سال کی عمر میں وفات پائی۔

Watch Live Public News