ویب ڈیسک: پنجاب میں مون سون سیزن نے اپنی خوبصورتی دکھا دی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم دلکش مناظر پیش کرنے لگا جبکہ بارش کے باعث حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں صبح سے ہی بادلوں نے آسمان پر ڈیرے ڈالے رکھے، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں جیسے ٹاؤن شپ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، کاہنہ، جلو موڑ، اور تاج باغ میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور فضا میں خنکی آ گئی۔
تاہم بارش کے بعد لاہور میں متعدد علاقوں کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی اٹھانا پڑی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب، جوہرآباد اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا الرٹ ہے، ایم ڈی واسا نے تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ مری اور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسے، مالم جبہ، کالام اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی، ایبٹ آباد میں بارش کے باعث ندی دوڑ میں طغیانی آگئی، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی، متعدد سیاح پھنس گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کیلئے طوفان اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا، صوبائی حکومتوں کی جانب سے مون سون کی بارشوں کے پیش نظر انتظامی معاملات بہتر بنانے کے اعلانات کئے گئے ہیں۔
بارش سے تباہی،مختلف حادثات میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق اوکاڑہ میں بنگلہ گوگیرہ کی نواحی بستی ریاض آباد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق بچی کی شناخت دعا فاطمہ کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں 7 سالہ مہوش اور 6 سالہ ارم شامل ہے۔

قصور میں مکان کی چھت گرنےسے2بچے زخمی
اس کے علاوہ قصور کے نواحی گاؤں تلونڈی میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو بچے شدید زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور ریسکیو کر کے نکال لیا گیا، بچوں کو طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حجرہ شاہ مقیم میں گھروں کی چھتیں گرگئیں
حجرہ شاہ مقیم میں بھی تیز بارش کے باعث اٹاری روڑ پر محنت کشوں کے تین گھروں کی چھتیں گر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
جہلم میں ایک شخص برساتی نالےمیں ڈوب گیا
جہلم کے علاقے سوہاوہ میں ایک شخص برساتی نالے میں ڈوب گیا، اوکاڑہ میں آسمانی بجلی سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
دیپال پور میں چھت گرنے سے 2 افراد، شیخ بستی میں کچن گرنے سے ایک لڑکی زخمی ہوگئی، جڑانوالہ 240 موڑ پر چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا ہے جبکہ ساہیوال کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔