(ویب ڈیسک ) اگر آپ روزانہ درجنوں میسجز ملنے کے باوجود انہیں مکمل پڑھنے کا وقت نہیں نکال پاتے، تو واٹس ایپ نے آپ کی پریشانی کا حل نکال لیا ہے۔
میٹا کی زیرِ ملکیت پیغام رسانی کی ایپ واٹس ایپ نے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین نہ پڑھے گئے پیغامات کا خلاصہ مختصر انداز میں حاصل کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، یہ نیا فیچر میٹا اے آئی کے استعمال سے گروپ اور ذاتی چیٹس میں موجود اَن ریڈ پیغامات کو چند جملوں میں سمیٹ دے گا، جس سے صارفین کو پوری چیٹ پڑھنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ بات کا خلاصہ فوراً جان سکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ’پرائیویٹ پروسیسنگ‘ ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتی ہے، جو صارفین کے پیغامات اور ان کے خلاصوں کو مکمل طور پر محفوظ رکھتی ہے۔ نہ ہی واٹس ایپ اور نہ ہی میٹا ان خلاصوں یا میسجز تک رسائی رکھتے ہیں، اور نہ ہی اے آئی ماڈلز انہیں محفوظ کرتے ہیں یا ان سے سیکھتے ہیں۔
یہ فیچر مکمل طور پر صارف کی مرضی پر ہوگا، جسے ’ایڈوانس چیٹ پرائیویسی‘ سیٹنگز میں جا کر فعال کیا جا سکتا ہے۔ صارف یہ بھی منتخب کر سکیں گے کہ کون سی چیٹس میں خلاصہ سازی کی سہولت فعال رہے۔
یہ نیا فیچر ان افراد کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہو سکتا ہے جن کے پاس طویل میسجز پڑھنے کا وقت نہیں ہوتا۔ فی الحال یہ سہولت امریکا میں متعارف کی گئی ہے، تاہم آئندہ مہینوں میں اسے دیگر زبانوں اور ممالک میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔