سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو سونے کی انگوٹھی دینے کا اعلان

سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو سونے کی انگوٹھی دینے کا اعلان
کیپشن: سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو سونے کی انگوٹھی دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست تمل ناڈو میں سرکاری اسپتالوں میں زچگی کو فروغ دینے اور ماؤں و بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے ایک انوکھا فلاحی منصوبہ متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت ہر نومولود بچے کو سونے کی انگوٹھی دی جائے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستی حکومت نے اس اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس کا نام "تھائی ماما تھنگا موتھیرا تھٹم" رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تمل ناڈو کے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو بطور تحفہ 1 گرام سونے کی انگوٹھی دی جائے گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد غریب خاندانوں کی مالی معاونت کرنا اور سرکاری اسپتالوں میں زچگی کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

ریاستی حکومت نے اس اسکیم کے لیے سالانہ 755.83 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ منصوبے کے تحت وہ بچے اہل ہوں گے جو 22 جون 2026 یا اس کے بعد سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ وجے باضابطہ طور پر اس اسکیم کا آغاز 15 ستمبر کو سی این اناڈورائی کے یوم پیدائش پر کریں گے۔ یہ اسکیم حکومت کے وسیع تر ویژن "ویٹری تمل ناڈو" کا حصہ ہے، جس کا مقصد ماں اور بچے کو صحت، تحفظ اور مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف نئی ماؤں کی حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ تمل ثقافت میں سونے کی انگوٹھی کو خوشحالی اور برکت کی علامت سمجھا جاتا ہے، اس لیے یہ تحفہ ایک ثقافتی اور جذباتی اہمیت بھی رکھتا ہے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، جبکہ سرکاری اسپتالوں پر عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

Watch Live Public News