ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا منوایا، جس سے ہمسایہ ملک بھارت پریشان ہے۔
پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا کلیدی کردار واضح ہو رہا ہے اور عالمی برادری نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں مؤثر آواز کے طور پر ابھر کر سامنے آیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جنیوا اجلاس میں غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی، ملک کے خلاف بات کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ موجودہ صورتحال میں ملک کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل قبول ہے اور ایسی حرکت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ کوئی سیاسی لیڈر ملک سے بڑا نہیں، تنقید سب کا حق ہے، مگر ملک کے وقار اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل قبول ہے اور شخصیت یا انا پرستی ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔