19سال بعد پاکستانیوں کیلئے کویتی ویزے بحال،روزگار،سیاحت اور تجارت کے وسیع مواقع

19سال بعد پاکستانیوں کیلئے کویتی ویزے بحال،روزگار،سیاحت اور تجارت کے وسیع مواقع
کیپشن: 19سال بعد پاکستانیوں کیلئے کویتی ویزے بحال،روزگار،سیاحت اور تجارت کے وسیع مواقع

ویب ڈیسک: کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی 19 سال بعدختم کر دی ہے، جس کے تحت اب پاکستانیوں کو ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ق اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن مصطفیٰ ملک کے مطابق یہ اقدام وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی کوششوں کا نتیجہ ہے، جن کی قیادت میں پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے لیے عالمی دروازے کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔

اس فیصلے سے ہزاروں پاکستانیوں کو کویت میں روزگار، کاروبار اور سیاحت کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ ملک کے لیے قیمتی زرِ مبادلہ حاصل ہوگا۔

ویزہ سہولیات اور عملدرآمد

کویتی حکومت کی نئی پالیسی کے تحت:

پاکستانی شہری آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے تمام ویزہ کیٹیگریز کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
ویزہ پراسیسنگ کا وقت ایک منٹ سے لے کر 24 گھنٹوں تک ہو سکتا ہے۔
یہ اقدام پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات کے ایک نئے مثبت باب کی نشاندہی کرتا ہے۔

 دیگر ممالک میں بھی پیش رفت

مزید برآں:

مئی 2025 میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان ایک اہم ایم او یو پر دستخط ہوئے، جس کے تحت اٹلی پاکستانی ورک فورس کو سالانہ کوٹے کے تحت روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔
اٹلی کے بعد پاکستان کا بیلا روس کے ساتھ بھی ہنر مند افرادی قوت کی تربیت اور ورک ویزوں سے متعلق تاریخی معاہدہ طے پا چکا ہے۔
عرب ممالک بھی پاکستانی ہنرمندوں میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ورک فورس کے لیے دروازے کھلنے کی امید ہے۔

اقتصادی اور قومی اہمیت

کویتی دینار دنیا کی سب سے مضبوط کرنسیوں میں شمار ہوتا ہے، اور اس وقت ایک دینار تقریباً 914 روپے کے برابر ہے۔ کویت میں روزگار کے مواقع پاکستانی معیشت کے لیے ایک بڑی پیشرفت ثابت ہو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News