لاہور: تھانہ چوہنگ کی حدود میں میڈیکل کی طالبہ کے قتل کا المناک واقعہ، وزیر اعلی محسن نقوی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے مفرور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے تھانہ چوہنگ کی حدود میں میڈیکل کی طالبہ کے قتل کے المناک واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور مرکزی ملزم سمیت مفرور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مظلوم خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے کی گئی تمام کارروائی کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے اور ہدایت کی کہ تمام واقعہ کی جامع تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے غفلت برتنے پر متعلقہ پولیس کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔