کرکٹ محض ایک کھیل نہیں، مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے، وزیر اعظم

کرکٹ محض ایک کھیل نہیں، مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے، وزیر اعظم
کیپشن: کرکٹ محض ایک کھیل نہیں، مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے، وزیر اعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کا جنوبی افریقہ کی مہمان کرکٹ ٹیم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ، کہا کرکٹ محض ایک کھیل نہیں ہے بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کا کھیل بھائی چارے اور امن کو فروغ دیتا ہے۔ اس کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے بڑے ایونٹس کی میزبانی کیلئے سازگار ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں اور کرکٹ بھی ان میں سے ایک ہے۔ جاری کرکٹ سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔ پاکستان کے کرکٹرز نے بھی اپنے عمدہ کھیل سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔ امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی۔

وزیر اعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کیا کہ سیریز ایک یادگار تجربہ رہا اور وہ پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت اور داد سے لطف اندوز ہوئے۔

عشائیے میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال ، وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

Watch Live Public News