لاہور ( ویب ڈیسک ) مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چینی مافیا کا سرغنہ وزیر اعظم جب چینی مافیا کو تحفظ دے گا تو چینی 89روپے فروخت کیسے ہو گی، عمران خان سب چینی چوروں کوباری باری دوبارہ ویلکم کررہے ہیں، عام مارکیٹ میں چینی آج بھی 100روپے سے 110روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ ایف آئی اے کا جہانگیرترین کےلئے اور قانون اور شہبازشریف کے لیے اور قانون ہے، شوکت ترین نے پیچھلے ہفتے کہا کہ کل سے مارکیٹ میں چینی 90روپے کلو فروخت ہو گی، کل پنجاب کے ایک ارسطو وزیر نے کہا آج سے چینی 89روپے پنجاب میں فروخت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ شوکت ترین اور پنجاب کے ارسطو وزیر بتادیں 90روپے کلو چینی کہاں فروخت ہورہی ہے؟، بے شرم حکمرانوں نے ایک ،ایک کلو چینی کےلئے ماﺅں ،بہنوں کی لمبی لائنیں لگوائی، چینی مافیا کے بیساکھیوں پر کھڑی حکومت ان کو کیسے گرفتار کرسکتی ہے۔