ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ سارا معاملہ پنجاب یونیورسٹی کا ہے۔ گورنر پنجاب اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیلی کاپٹر میں صحافیوں سے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی پر گورنر کو جس پر اعتراض تھا مسترد کر سکتے تھے۔ وائس چانسلر کی تعیناتی پر سارا معاملہ پنجاب یونیورسٹی کا ہے۔ گورنر اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرٹ اور شفافیت پر وائس چانسلرز لگائے ہیں۔ ہر کام میرٹ پر کر رہی ہوں۔ سفارش بہت آتی ہیں ایم این اے، ایم پی اے سبھی سفارش لاتے ہیں۔ میں کسی کی بھی نہیں سنتی۔
انہوں نے بتایا کہ صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک میں کام کرتی ہوں۔ محکمہ پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے یونیفارم کے ساتھ کیمرا لگا رہے ہیں۔ کوئی بھی پولیس اہلکار اس یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی نہیں کریگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کالجز یونیورسٹیز میں منشیات کی روک تھام کے لیے بڑے بڑے گینگ پکڑے گئے ہیں۔ بڑے گینگز اپنے ذاتی جہازوں پر مختلف شکلوں میں منشیات لا کر بیچتے تھے۔ کلینکس آن ویلز سے دیہی جگہوں پر سینکڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ کسان کارڈ اور ٹریکٹر جب لانچ ہوا لاکھوں لوگوں نے فوری اپلائی کیا۔