ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر نہ صرف ٹیم کو فائنل تک پہنچایا بلکہ ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
دبئی میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 136 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلادیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 124 رنز بنا سکی۔ اس کامیابی میں شاہین آفریدی کی شاندار بولنگ فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 17 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور بنگلادیشی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
3️⃣-1️⃣7️⃣ and a quick-fire 1️⃣9️⃣ ⚡️@iShaheenAfridi delivers with both bat and ball to claim the player of the match award #PAKvBAN | #BackTheBoysInGreen | #AsiaCup2025 pic.twitter.com/PJ3wzsf6Q9
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 25, 2025
بولنگ کے ساتھ ساتھ شاہین نے بیٹنگ میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے محض 13 گیندوں پر 19 قیمتی رنز جوڑے، جن میں دو شاندار چھکے بھی شامل تھے۔ اس آل راؤنڈ پرفارمنس کے نتیجے میں انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یہ شاہین شاہ آفریدی کے کیریئر کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دسواں مین آف دی میچ ایوارڈ ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی میچ ایوارڈ جیتنے والے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ شاہین کی یہ کارکردگی نہ صرف پاکستان کے لیے ایشیا کپ جیتنے کی امیدوں کو روشن کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر اُن کے فاسٹ بولنگ کے معیار کو بھی مزید مستحکم کر رہی ہے۔