امریکی صدرسے ملاقات کے بعدوزیراعظم شہباز شریف کی آج کی مصروفیات

امریکی صدرسے ملاقات کے بعدوزیراعظم شہباز شریف کی آج کی مصروفیات
کیپشن: امریکی صدرسے ملاقات کے بعدوزیراعظم شہباز شریف کی آج کی مصروفیات

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تاریخی ملاقات کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف واشنگٹن سے نیویارک پہنچ گئے، جہاں وہ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اہم خطاب کریں گے۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین سمیت عالمی امن، پاک بھارت کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن جیسے اہم امور اجاگر کریں گے۔

امریکی صدر سے ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ’’عظیم رہنما‘‘ اور ’’شاندار شخصیت‘‘ قرار دیا۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب پاکستانی وفد واشنگٹن کے اینڈریوز ایئربیس پہنچا، جہاں امریکی ایئرفورس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریڈ کارپٹ پروٹوکول کے ساتھ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم کا موٹرکیڈ سخت امریکی سکیورٹی حصار میں ایئربیس سے روانہ ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مسلم رہنماؤں اور صدر ٹرمپ کی ملاقات کو ’’انتہائی مفید‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب اصل امتحان طے شدہ نکات پر عملدرآمد کا ہے۔ نیویارک میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے معرکۂ حق میں بھارت کو شکست فاش دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کو دکھایا کہ جدید دور میں کس طرح جرات اور حکمت کے ساتھ جنگیں لڑی جاتی ہیں۔

شہباز شریف کے خطاب کو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی سطح پر بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں دنیا بھر کی نظریں ان کے بیانات اور ممکنہ اعلانات پر مرکوز ہیں۔

Watch Live Public News